اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) پاکستان اور امریکہ امن اور خوشحالی کیلئے شراکت دار ہیں۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے امریکی جریدے میں اپنے ایک مضمون میں کہاکہ ہم نے ملکر کئی جنگیں لڑیں اور فتوحات اور کامیابیاں حاصل کیں ہماری شراکت داری مشترکہ مفادات اور اقدار پرمبنی ہے۔ اسد مجید خان نے کہاکہ آج یہ اقدار مقبوضہ جموں وکشمیر میں زیرعتاب ہیں ، بھارت نے 1947 سے اس علاقے پر قبضہ کررکھا ہے اور کشمیریوں پرمسلسل مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن اگست دو ہزار انیس کو بھارت ایک قدم اور آگے چلا گیا ۔اسد مجید خان نے کہا کہ بھارت نے مذموم حربوں کے تحت حال ہی میں لاکھوں بھارتیوں کو کشمیری اراضی خریدنے اور کشمیریوں کے روزگار پرقابض ہونے کی اجازت دینے کیلئے ایک آرڈی نینس نافذ کیا ہے بھارت مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں جبراًآبادی کا تناسب تبدیل کرناچاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا پھوٹنے سے پہلے ہی کشمیریوں کو ظالمانہ لاک ڈائون کا سامنا تھا پابندیوں میں نرمی کرنے کے بجائے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دوہرا لاک ڈائون لگاتے ہوئے ظلم وتشدد کاسلسلہ شروع کردیا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پرزوردیناچاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔