اسلام آباد :پاکستان کی ثالثی میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
پاکستان کی ثالثی میں مری میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں قیام ہونے والے مذاکرات میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے طریقہ کار پر غور کیا گیا اور فریقین کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کی کوششوں پر بھی روز دیا گیا۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا جب کہ مری میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا اور چین کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور رمضان کے بعد ہو گا تاہم تاریخ کا اعلان فریقین کے درمیان اتفاق کے بعد کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں فریقین کے درمیان اتفاق پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغان قیادت کو مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کررہا ہے، قیام امن کے لئے کوششوں پر اقوام متحدہ اور دیگر فریقین کے شکر گزار ہیں، افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کوششوں سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان اس سے قبل بھی مختلف ممالک میں مذاکرات کے متعدد دور ہو چکے ہیں۔