راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے افسران اور سپاہی بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلیے اپنی تنخواہ سے فنڈز دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ ایک قدم اٹھایا ہے جس میں تینوں مسلح افواج کے افسران اور سپاہی قومی مقصد کے لیے اپنی تنخواہ سے فنڈ جمع کروائیں گے۔
https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1016284789320675328
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے پاک فوج، بحریہ، فضائیہ کے سپاہی ایک دن کی تنخواہ دیں گے جب کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2 دن کی تنخواہ دیں گے۔ واضح رہے چند روز قبل سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم تعمیرکرنے کا حکم دیا تھا اور اس حوالے سے 3 ہفتوں میں رپورٹ بھی جمع کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالت نے قوم سے ڈیموں کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے نام ایک اکاؤنٹ کھولنے کی بھی ہدایت کی تھی اور ابتدائی طور پر چیف جسٹس نے خود 10 لاکھ کا چیک جمع کروایا تھا۔