شکر گڑھ (یس ڈیسک) بھارتی افواج کی جانب سے آج پھر شکر گڑھ اور ظفر وال سیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد شہید ہوگئے جبکہ دو رینجرز اہلکاروں سمیت متعدد زخمی بھی ہوئے۔ چناب رینجرز نے دندان شکن جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔
پنجاب رینجرز کی جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شکر گڑھ اور ظفر وال سیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری اور گھروں پر گولے گرنے سے سکمال گاؤں کی شمیم اختر، بیکے چک کا 35 سالہ مبین، بھورے گاؤں کا 18 سالہ عظیم اور مکھوال کا رہائشی ایک نوجوان شہید ہوگیا۔ ننگل کا رہائشی 15 سالہ وحید، 60 سالہ خورشید، ڈیرہ کنگرہ کی بشریٰ بی بی، بیریاں کوہلیاں کا یعقوب اور اس کی دو بیٹیا ں بھی گولہ باری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئیں۔
جبکہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ظفر وال سیکٹر میں لانس نائیک احسان اور رینجرز اہلکار اللہ یار بھی زخمی ہوگئے۔ چناب رینجرز نے درجنوں آبادیاں بھی خالی کرا لی ہیں۔ سرحدی علاقوں سے خوفزدہ لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 31 دسمبر سے اب تک بھارتی فورسز نے سیالکوٹ اور ظفر وال سیکٹر میں چھ بار گولہ باری کی۔ جوابی کارروائیوں میں دشمن کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے۔