اسلام آباد (جیوڈیسک) ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ زدہ ملک یمن کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اپنی فوج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے اپنی خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے یمنی جنگجوئوں کیخلاف جنگ میں حصہ لینے کیلئے اپنی فوج بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو پہلے ہی بھرپور حمایت اور سہولیات کی پیشکش کی جا چکی ہے جبکہ جلد ہی پاکستانی فوج سعودی اتحادی فورسز کا حصہ بن جائے گی۔ سعودی عرب میں اس وقت سات سے آٹھ سو غیر عسکری پاکستانی فوجی پہلے سے ہی موجود ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کل سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے جبکہ وفد میں عسکری حکام بھی شامل ہوں گے۔ دوسری جانب خواجہ آصف نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ابھی تک اپنی فوج سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
تاہم سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو ہمارے وسائل حاضر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وفد ایک روزہ دورے پر کل سعودی عرب جائے گا۔