ویانا (محمد اکرم باجوہ) ملک کو دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی انتخابات کے ذریعے کرپٹ سرمایہ داروں اور بدقماشوں کو اسمبلیوں تک پہنچانے سے کبھی بھی وطنِ عزیز ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ بہتر مستقبل اور ترقی و خوشحالی کا خواب صرف متوسط طبقے سے باصلاحیت، باکرداراور محب وطن افراد کے اسمبلیوں میں بیٹھنے سے پورا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک آسٹریا کے صدر الحاج خواجہ محمد نسیم نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک کی پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد انقلاب ڈاکٹرطاہرالقادری کی انقلابی قیادت میں PATپاکستان میں کرپٹ نظام کو بدل کر شفاف نظام سیاست لانے کے لیے کوشاں ہے۔
پاکستانی قوم کو بھی فیصلہ کرنا ہوگا کہ اب کرپٹ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور لوٹ مار کرنے والوں کا ساتھ دے کر مزید غربت و افلاس ، بھوک بے روزگاری لوڈ شیڈنگ و مایوسی کی زندگی گذارنے کی بجائے محب وطن ، اعلی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت قیادت کے ہاتھ مضبوط کرکے ملک میں انقلابی تبدیلی کے ذریعے حقیقی جمہوری سیاسی نظام لایا جائے جس سے پاکستانی عوام کو خوراک، روزگار، تحفظ ، امن و خوشحالی اور محفوظ مستقبل سمیت جملہ بنیادی حقوق میسر ہوں اور پاکستان عزت و عظمت کی راہ پر گامزن ہو سکے۔