ڈنمارک (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے حالیہ دورہ ڈنمارک میں، چند ہفتے قبل منتحب ہونے والی پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کے اراکین سے خصوصی ملاقات کی اور اہم ہدایات دیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے ہیڈ کوارٹرز پر اس نو منتحب باڈی کی جانب سے دی جانے والی ضیافت میں ، معززین ڈنمارک کی کثیر تعداد کے علاوہ مختلف سیاسی اور سماجی تنظیمات اور شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
اس خصوصی تقریب کا باقاعدہ آغاز فخرالقراء قاری محمد ندیم اختر صاحب کی پرکیف تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جسکے بعد ریڈیو اور ٹی وی کے معروف نعت خوان، جناب محمد جمیل قادری نے اپنے منفرد انداز میں نعت رسول مقبول ۖ پیش کی۔ نو منتحب صدر چوہدری غلام محی الدین صاحب نے نو منتحب تنظیم کے اراکان کے تعارف کے بعد پاکستان کے حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ڈنمارک میں ہماری سیاست کا محور پاکستانیوں کا اتحاد ہوگا تاکہ اوورسیز پاکستانی مصائب میں گھرے اپنے ہموطنوں کو اس غریب کش نظام سے نجات دلانے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ ڈنمارک میں تحریک کے کوارڈنیٹر اور معروف سماجی کارکن جناب محمد اکرم جوڑا صاحب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوامی تحریک نہ تو کسی مخصوص شخصیت کے خلاف ہے اور اور نہ کسی مخصوس سیاسی جماعت کے خلاف۔ بلکہ ہماری جدوجہد پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ، اس کرپٹ سیاسی نظام کی تبدیلی کے لیے ہے۔ نو منتحب مرکزی جنرل سیکرٹری محمد منیر طاہر نے پاکستان عوامی تحریک کے منشور اور مختصر مگر مدلل گفتگو کی۔
ڈاکٹر طاہر القادری صاحب نے ڈنمارک میں منہاج القرآن کے بانی صدر، جناب شیخ محمد اشفاق صاحب کو تحریک کا چیف آرگنائزر مقر ر کیا ہے، انہوں نے اپنے احتتامی خظاب میں پاکستان عوامی تحریک کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے عوام میں اپنے حقوق اور آئین پاکستان کے بارے میں دی جانے والی آگاہی پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اسکے علاوہ دہشت گردی پر شیخ الاسلام کی خدمات اجاگر کرتے ہوئے انکے تاریخی فتوے اور حال میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پیش کیے جانے والے نصاب کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ آخر میں حاضرین کی شاندار کھانوں سے تواضع کی گئی۔