بارسلونا (یوسف چوہدری) پاکستان عوامی تحریک بیسوس (بارسلونا، سپین) کی تقریب تنظیم سازی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی،اہل علاقہ کی بڑی تعداد میں شرکت،بیسیوں افراد کی موقع پر ہی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت ،یاسر عرفان نمبردار کی قیادت پر اہلیان علاقہ کا اظہار اعتماد،نومنتخب 15رکنی تنظیم سے پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے حلف لیا،منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی قیادت کی بھرپور شرکت۔ تفصیلات کے مطابق سپین بھر میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کے دوسرے مرحلہ میں گذشتہ اتوار کو بارسلونا سپین کے ٹاؤن سن مارتی کے محلہ بیسوس میں تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا۔
اس سے قبل اوسپیتالیت میں تنظیم سازی کی گئی تھی جس کے بعد بارسلونا شہر کے ٹاؤن سانت مارتی کے محلہ بیسوس میں پاکستان عوامی تحریک سپین کے عہدیداران بلال سرور،چوہدری محمد زمان، چوہدری شرافت علی،چوہدری امتیاز آکیہ اور دیگر کی کاوشوں سے تنظیم کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ،اہلیان علاقہ کی بھر پور محنت اور محبتوں سے تقریب تنظیم سازی پاکستان عوامی تحریک بیسوسBesos جلسہ کی شکل اختیار کرگئی جس میں اہلیان علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے پاکستان عوامی تحریک بیسوس کی نومنتخب قیادت اور یاسر عرفان نمبر دارپر اعتماد کا اظہار کیا ۔ڈپٹی سیکریٹری پاکستان عوامی تحریک سپین بلال سرور کے والد گرامی چوہدری محمد سرور نے جلسہ میں قافلے کی صورت میں شرکت کی۔
جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج القرآن لوگرنیو (سپین) کے ڈائریکٹر حافظ غلام مجتبیٰ اندلسی نے حاصل کی جبکہ معروف نعت خوان محمد قدیر احمد خان نے بحضور سرور کائنات ہدیہ عقیدت کے گل نچھاور کیے۔جس کے بعد نوید احمد اندلسی نے پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے استقبالیہ پیش کیا، سپین میں پاکستان عوامی تحریک کے قیام کے مقاصد بتائے اور اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دئیے۔جلسہ سے مختصر خطاب میں پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے اہلیان علاقہ کی طرف سے بھر پور محبت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آمریت کی آنکھ مچولی کا کھیل صرف سزا اور جزا کے نظام ہی سے نہیں بلکہ عوام کی آگہی اور بھرپور شمولیت ہی سے ختم ہو سکتا ہے۔
اگر ہم اپنے لسانی، سماجی اور فرقہ وارانہ تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف نیک نیتی کی بنیادوں پر قیادت کا انتخاب کریں تو پھر نہ تو آمریت کا خوف ہو گا اور نہ ہی جمہوری نظام کی خامیوں کا شکوہ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عوام کے صحیح نمائندوں کی امانت بن جانا ہی وہ واحد راستہ ہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے اوریہ تب ہی ممکن ہوگا جب عوامی نمائندگی کا نظام پاکستان اور اس کے عوام کے وسیع تر مفاد کو ذاتی مفاد پر فوقیت دے گا ورنہ آمریت ہو یا جمہوریت حکمرانی صرف شخصی مفادات کے تحفظ اور قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ کا ذریعہ ہی بنتی رہے گی۔ محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہمارا مقصدکسی بھی پارٹی کی مخالفت کرنا نہیں بلکہ ہمارے قائد ڈاکٹر پروفیسر محمد طاہر القادری تو یہ چاہتے ہیں کہ ملک کے غریب اور مظلوموں کو ان کا حق ان کے دورازے پر دیا جائے نہ کہ وہ اپنے حق کیلئے دوبدر کی ٹھوکریں کھائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو حکمران عوام کی خدمت کرتے ہیں وہ ان پر احسان نہیں بلکہ وہ ان کا حق ہی ان کو لٹا رہے ہوتے ہیں اور عوام کو یہ حق پاکستان کا آئین دیتا ہے ۔ہم ملک میں قانون اور انصاف کی حکمرانی چاہتے ہیں نہ کہ جبر پر مبنی شخصی حکمرانی جو کہ مسلسل چلی آ رہی ہے۔محمد اقبال چوہدری نے جلسہ میں شریک تمام لوگوں کو دعوت دی کہ وہ عوامی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان میں عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔جلسہ میں شریک بیسیوں افراد نے موقع پر ہی پاکستان عوامی تحریک کی ممبر شپ حاصل کر کے ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ نومنتخب 15رکنی ایگزیکٹو سے پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے حلف لیا۔
جلسہ میں خصوصی شرکت کرنیوالوں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر محمد اکرم بیگ،منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر چوہدری امانت حسین مہر ،صدر مجلس شوریٰ منہاج القرآن سپین حاجی طاہر پرویز،سینئر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین ظل حسن،فنانس سیکریٹری محمد نوازقادری ،پاکستان عوامی تحریک سپین کے عہدیداران چوہدری طارق مہدی،راحیل اکرم ایڈووکیٹ،یوسف چوہدری،قدیر حسین چوہدری ،حاجی طاہر جاوید ،چوہدری افضال گوندل ،عمران آفتاب ،حاجی محمد افضل ،محمد عاطف،بادالونا سے اسد اقبال قادری ،راجہ تیمورعلی ،فلک شیر ،مایہ ناز باکسر پہلوان ظفر،راجہ خالد صاحب اور دیگر شامل ہیں۔