counter easy hit

ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پہلی کامیابی، پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دیدی

 Pakistan beat Bangladesh

Pakistan beat Bangladesh

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی ٹونٹی کے پہلے معرکے میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 202 رنز کے ٹارگٹ کا پیچھا کرتے بنگلا دیش کی ٹیم 146 رنز بنا سکی۔
کولکتہ: (یس اُردو) کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی سپر ٹین مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دیدی ہے۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے بنگلا دیش کو 202 رنز کا ٹارگٹ دیا تاہم کوئی بھی بنگالی ٹائیگر پاکستانی گیند بازوں کا کُھل کر مقابلہ نہ کر سکا۔ یوں بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔ بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے ہی اوور میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی جب محمد عامر کی تیز گیند کے سامنے سومیا سرکار بے بس ہو کر بولڈ ہو گئے۔ سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ اس کے بعد تمیم اقبال اور شبیر رحمان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا تاہم بنگلا دیش کا سکور ابھی 44 رنز تک پہنچا تھا کہ شبیر رحمان بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ قومی کپتان شاہد آفریدی نے انھیں آؤٹ کیا۔ شبیر رحمان نے 25 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تمیم اقبال تھے جو ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ 58 رنز کے مجموعی سکور پر یہ وکٹ بھی کپتان آفریدی کے حصے میں آئی۔ تمیم اقبال نے 24 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 71 رنز پر گری جب محمود اللہ صرف چار رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم کی گیند پر شرجیل خان نے ان کا کیچ لیا۔ 110 رنز کے مجموعی سکور پر بنگلا دیش کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب مشفق الرحمان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ بنگلا دیش کو چھٹا نقصان 117 رنز پر ہوا جب محمد متھن صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ محمد عرفان کی گیند پر عامر نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور کپتان شاہد آفریدی نے دو، دو جبکہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور شرجیل نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 26 کے مجموعی سکور پر گری۔ شرجیل خان 18 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ احمد شہزاد نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 35 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 121 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شبیر رحمان کی گیند پر محمود اللہ نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جنہوں نے 64 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ عرفات سنی کی گیند پر سومیا سرکار نے ان کا غیر یقینی کیچ لیا۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ تسکین احمد کی گیند پر شکیب الحسن نے ان کا آسان کیچ لیا۔ کپتان شاہد آفریدی نے اس میچ میں اپنی بلے بازی کے جوہر دکھا کر شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے۔ انہوں نے صرف 19 گیندوں پر 49 رنز کی جاندار بلے بازی کی۔ تاہم میچ کے آخری اوور میں تسکین احمد کی گیند پر محمود اللہ نے ان کا کیچ لیا۔ یوں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے 2، 2 جبکہ شبیر رحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔