تحریک انصاف کے سربراہ عمران خانے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کلبھوشن کا معاملہ اقوام متحدہ میں نہیں اٹھایا،انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک بن گئے ہیں۔
بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے آج تحریک انصاف کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ،ان کا کہناتھاکہ سیکورٹی لیک کے نام اب تک کیوں سامنے نہیں آئے ، دہشت گردی اور کرپشن جڑے ہوئے ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ ہم جب کچھ کرنے لگتے ہیں اور حکومت مشکل میں آتی ہے تو ملک میں کچھ نہ کچھ ہوجاتاہے ،جو مرضی کرلیں ، نومبر کا احتجاج کسی صورت ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو اپنی ذات کی پڑی ہوئی ہے ، کرپشن بچائیں یا ملک کو بچائیں ؟ ، سانحہ سول اسپتال کے بعد حکومت نے کیا کیا؟ ، ملک کے میر جعفر اور میر صادق کو سامنے کیوں نہیں لایا جاتا۔
عمران خان نے کہا کہ وزیردفاع نے عسکری ونگز کو دعوت دینے کا غیر ذمہ دارانہ بیان دیا، لگتا ہےان کا کام صرف اپوزیشن پر الزام لگانا ہے۔