کراچی (یس ڈیسک) پاکستان کی چین کے ساتھ تجارت میں مس ڈکلریشن اور انڈرانوائسنگ 5.46ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔
سال 2014 کے مقابلے میں سال 2015 کے دوران چین کے ساتھ تجارت میں مس ڈکلریشن اور انڈرانوائسنگ کی مجموعی مالیت میں ایک ارب 86کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
سب سے زیادہ مس ڈکلریشن الیکٹرکل اور الیکٹرونکس آلات، مشینری، نیوکلیئر ری ایکٹرز، بوائلرز اور مین میڈ فلامنٹس کی درآمد میں کی جارہی ہے جبکہ آئرن اینڈ اسٹیل، پلاسٹک آئٹمز، مین میڈ اسٹیپل فائبر، گاڑیوںاور پرزہ جات میں بھی مس ڈکلریشن بڑھ رہی ہے۔
کموڈیٹی ٹریڈ سے متعلق اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق چین کے ساتھ تجارت میں پاکستان اور چین کے کسٹم حکام کے اعدادوشمار میں مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر کا فرق پایا جاتا ہے۔
پاکستان کے محکمہ کسٹمز کے مطابق سال 2015کے دوران چین سے 11ارب ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ چینی کسٹمز کے مطابق چین نے سال 2015کے دوران پاکستان کو 16.4ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی ہیں۔ پاکستان سے چین کو کی جانے والی برآمدات میں بھی 50کروڑ ڈالر کا فرق پایا گیا ہے۔
پاکستان کے محکمہ کسٹمز کے مطابق سال 2015کے دوران پاکستان نے چین کو 1.9ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی ہیں تاہم چینی کسٹمز کے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ چین نے 2015کے دوران پاکستان سے 2.4ارب ڈالر کی مصنوعات درآمد کی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سال 2012سے چین کو کی جانے والی ایکسپورٹ میں مس رپورٹنگ کا رجحان بتدریج کم ہورہا ہے تاہم چین سے درآمدات کے معاملے میں مس رپورٹنگ غیرمعمولی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔چینی مصنوعات کی درآمد میں کی جانے والی 5.46ارب ڈالر کی مس رپورٹنگ میں سے 2.3ارب ڈالر کی مس رپورٹنگ 10سرفہرست آئٹمز میں کی جارہی ہے جن میں الیکٹرکل و الیکٹرانکس ایکویپمنٹ، مشینری، نیوکلیئر ری ایکٹرز، بوائلرز، مین میڈ فلامنٹس، آئرن اینڈ اسٹیل، آرگینک کیمکلز، پلاسٹک آئٹمز، مین میڈ اسٹیپل فائبر، گاڑیاں اور پرزہ جات شامل ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سال 2015کے دوران الیکٹریکل اور الیکٹرانکس آلات کی درآمد میں 42کروڑ ڈالر کی مس ڈکلیریشن کی گئی پاکستان نے 2015میں 2.565ارب ڈالر کی الیکٹرک اور الیکٹرانکس مصنوعات درآمد کیں جبکہ چینی حکام کے مطابق پاکستان کو 2.984ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔
اسی طرح پاکستان نے مشینری، نیوکلر ری ایکٹرز اور بوائلرز وغیرہ کی امپورٹ 1.666ارب ڈالر ظاہر کی جبکہ چینی اعدادوشمار کے مطابق یہ مالیت 2.165ارب ڈالر یعنی پاکستان کے بتائے گئے اعدادوشمار سے 51کروڑ ڈالر زائد ہے۔
مین میڈ فائبرز تیسرا بڑا آرٹیکل ہے جس میں 49کروڑ ڈالر کی مس ڈکلریشن کی گئی پاکستان کے مطابق 50کروڑ 90لاکھ ڈالر جبکہ چین کے مطابق 99کروڑ 80لاکھ ڈالر کا مین میڈ فائبرز پاکستان نے درآمد کیا ہے