بیجنگ : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبے کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی فوج کی 88 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے اور پاک چین مسلح افواج میں تعلقات مضبوط ہیں ہم مل کر ان تعلقات کو غیرمستحکم کرنے والی قوتوں کو شکست دیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے اونچی اور سمندروں سے گہری ہے جب کہ دونوں ملکوں کے تعلقات نہایت مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔
سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے خطے میں استحکام آئے گا اور آزمائش کی گھڑی میں دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوگی جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی مضبوطی کا اہم ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر تعاون پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور ہم دونوں قوموں کو ترقی کرتا دیکھیں گے جب کہ یہ منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبے کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائے گی۔