ہنگو (یس ڈیسک) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ہنگو کے علاقے ٹل سے دہشت گردوں کے چھ معاونین کو گرفتار کیا گیا۔
پاکستانی فوج کی طرف سے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جاری ’’کومبنگ آپریشن‘‘ میں تیزی آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار اور اُن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ہنگو کے علاقے ٹل سے دہشت گردوں کے چھ معاونین کو گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل فوج کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ اتوار کو بھی ٹل سے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا اور اُن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاوہ پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں جگلوٹ کے مقام پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں اسلحہ منتقل کرنے والے دو مشتبہ دہشت گردوں کو بھی اتوار کو گرفتار کیا گیا۔
فوج کے مطابق گرفتار کیے گئے شدت پسندوں سے رائفلز، کلاشنکوف، پستول، ڈیٹونیٹرز اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔
اُدھر پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق پیر کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں سے 55 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 15 افغان شہری بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں رواں ماہ ہونے والے مہلک خودکش بم حملے کے بعد پاکستانی فوج کی طرف سے ملک بھر میں دہشت گردوں اور اُن کے معاونین کی تلاش کے لیے ’کومبنگ آپریشن‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔