اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان ملائیشیا کے ساتھ معیشت، تجارت، تعلیم سائنس و ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تذویراتی شراکت داری کے فروغ کےلئے پرعزم ہے۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا کے وزیرخارجہ داتوسری حشام الدین سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔ دونوں وزرائے خارجہ نےپاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہار کیا اور کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران مثالی دوطرفہ تعاون کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے کوروناوائرس کی عالمی وبا کے دوران ملائیشیا میں مقیم پاکستانی برادری کا خصوصی خیال رکھنے پر اپنے ملائیشین ہم منصب کاشکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے اس سال دسمبر میں ملائیشیا میں ہونے والے ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون کے سربراہ اجلاس کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔