فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پیرس کے نواحی علاقے کرائی میں ثقافت، تعلیم اور کھیلوں کا مرکز قائم کر لیا
پیرس، 27 جنوری:2020 جناب فضل علیم صدر ایسوسی ایشن برائے پاکستان فرانس تعلیم، ثقافت اور کھیل نے ایسوسی ایشن کے وفد کے ہمراہ جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس سے ملاقات کی۔
وفد نے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان کو پیرس کے نواحی علاقے کرائی میں تمام تر سہولیات سے آراستہ تعلیم، ثقافت اور کھیلوں کے مرکز کے قیام کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں۔
یہ مرکز فرانسیسی اور اردو زبان کے ساتھ ساتھ دینی علوم، مطالعہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیئے بہتر سہولیات کے ساتھ ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
سفیر پاکستان نے ایسوسی ایشن کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں سفارت خانہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سفیر پاکستان نے ان سے کہا کہ وہ اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے تعلیمی پروگراموں کیلئے تجربہ کار اور تعلیم یافتہ اساتذہ کو تعینات کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ طالب علموں کو فرانسیسی زبان سکھائیں جس سے وہ فرانسیسی معاشرے کے ساتھ منسلک ہو سکیں۔
سفیر پاکستان نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ کمیونٹی سنٹر فرانس میں مقیم پاکستان کی نئی نسل کو اس قابل بنائے گا کہ وہ اپنے ملک اور اپنے معاشرتی وثقافتی اقدار سے جڑے رہیں۔