پیرس (پ ر) گذشتہ روز فرانس کے دوسرے بڑے شہر لیون میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق، شہر کی انتظامیہ کے افسران، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، فرانسیسی سول سوسائیٹی کے معززین، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے قومی دن کی مناسبت سے شاندار پروگرام منعقد کرنے اور فرانس میں پاکستان کا مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے ان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنے درمیان اتحاد پیدا کریں اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں اور انہوں نے کمیونٹی کی طرف سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے قابل قدر خدمات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بعد ازاں، تقریب کے اختتام پر بچوں اوربچیوں نے روائیتی لباس زیب تن کر کے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیئے جو کہ پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کر رہے تھے۔