اسلام آباد(یس اردو نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیرجموں وکشمیر میں غیر قانونی طور پر عیدالاضحی کی نماز پر بھارتی حکام کی طرف سے عائد پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تقویم کے ایک اہم ترین دن پر نمازوں پر پابندیاں عائد کرنا ہندوستانی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کے مسلمانوں کے جذبات کی مکمل بے عزتی کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ ان کی مذہب کی بنیادی آزادی کی بھی سراسر خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی حکام کوویڈ 19 سے متعلقہ پابندیوں کو جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو روکنے کے بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ جہاں بی جے پی حکومت مختلف دیگر سیاق و سباق میں مذہبی سرگرمیوں کی اجازت دے رہی ہے ، وہیں کشمیری مسلمانوں کو عیدالاضحی کی نماز پڑھنے سے منع کرنا سراسر تفریق ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ ، اور انسانی حقوق اور انسان دوست تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی قوانین اور کنونشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کے مذہبی حقوق اور آزادیوں پر قدغن کے متعلق فوری نوٹس لیں۔ ہندوستان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات کے ذریعے ، وہ کشمیریوں کی خواہش کو توڑ نہیں سکتا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں لکھے ہوئے حق خودارادیت کے لئے ان کی جائز خواہشات کو دبا نہیں سکتا ہے۔