لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے لاہور میں ہونے والے تمام میچز کراچی منتقل کردیئے ہیں اور لاہور کے میچز کی ٹکٹیں خریدنے والے شائقین کرکٹ کو پیسے واپس کیے جائیں گے۔ ٹکٹ ہولڈر اپنی ٹکٹ اور اصلی شناختی کارڈ کے ساتھ ٹی سی ایس کے آفس میں جا کر ٹکٹ ریٹرن کر کے اپنی قیمت واپس وصول کر سکتے ہیں۔
دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فور کے تینوں میچز کراچی منتقل کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث کراچی میں ہونے والے میچز کا شیڈول بھی دوبارہ جاری کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے صحافی نے سوال کیا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی شفٹ کیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کیا کر رہی ہے؟ جس پر مراد علی شاہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سب کراچی والوں کی مدد چاہیے، پی ایس ایل کے تمام میچز کراچی میں ہوں گے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے ایک میچ مانگا تھا اب تو سارے ہی آ گئے ہیں، پی ایس ایل میں سب کا تعاون چاہتا ہوں، یہ ایک چیلنج ہے جسے قبول کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ لاہور کے میچز منسوخ ہونے کے بعد تینوں میچز کی ٹکٹیں خریدنے والے شائقین کو ان کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے، لیگ کا فائنل 17 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔