کوالالمپور: ملائیشیا نے پاکستان کرکٹ کے استقبال کیلیے بانہیں پھیلادیں ایم سی اے کے صدر مہندا والیپورام کا کہنا ہے کہ میچز کی میزبانی کیلیے بہترین نیوٹرل وینیو ثابت ہوسکتے ہیں گرین شرٹس کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں سے خطے میں کھیل کو بے پناہ فروغ حاصل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یواے ای میں لیگز کی بہتات اور اسٹیڈیمز کے بھاری کرائے کی وجہ سے پی سی بی ملائیشیا کو نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کرنے پر غور کررہا ہے، گذشتہ دنوں چیئرمین نجم سیٹھی نے مقامی حکام سے ملاقاتوں میں امکانات کا بھی جائزہ لیا، رواں سال کے آخر میں پاکستان کی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز یواے ای میں ہی شیڈول ہیں، البتہ آسٹریلوی ویمنز ٹیم کی میزبانی ملائیشیا میں کیے جانے کا امکان روشن ہے،مینز ٹیموں کے حوالے سے معاملات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، ملائیشین کرکٹ ایسوسی ایشن(ایم سی اے) کے صدر مہندا والیپورام نے اس حوالے سے کہاکہ ہمارے پاس وینیوز اور انفرااسٹرکچر موجود ہے۔
کوالالمپور کے کینرارا اوول سٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جاسکتے ہیں، ہوٹلز، ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات بھی بہترین ہیں، ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلیے بے تاب ہیں، یہاں پاکستان ٹیم کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں سے جنوبی ایشیا میں کھیل کو بے پناہ فروغ حاصل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ برصغیر کے ملکوں اور ملائیشیا میں وقت کا بھی زیادہ فرق نہیں،ہم چند گھنٹے ہی آگے ہیں،پاکستان پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے یا انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے آئے خوش آمدید کہیں گے۔یاد رہے کہ ملائیشیا2006میں بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز پر مشتمل سہ ملکی سیریز کی میزبانی کرچکا ہے، یہاں انڈر19ورلڈ کپ 2008اور گذشتہ سال جونیئر ایشیا کپ کا انعقاد بھی ہوچکا۔