ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)یوم پاکستان کے موقع پر ننکانہ صاحب میں ضلعی حکومت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں مختلف نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات مہمانا ن خصوصی تھیں جبکہ تقریب میں مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی ملک ذوالقرنین ڈوگر ،اے ڈی سی ڈاکٹر شاہ زیب ،معروف سماجی رہنماء حاجی عبد الحمید رحمانی ،ای ڈی او ایجوکیشن افتخار حسن بٹ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز جاوید اقبال بابر ،رانا محمد احتشام ،ملک مختار احمد ،شمیم سوہارا ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رائے محمد اقبال سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں ،ضلع بھر سے اساتذہ ،طلباء و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،تقریب کے دوران طالبات نے مختلف ملی نغمے اور ترانے پیش کیے جسے حاضرین نے خوب سراہا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ملک ذوالقرنین ڈوگر نے کہا کہ یہ ملک لاکھوں جانوں کی قربانیاں حاصل کر کے حاصل کیا گیا مگر بد قسمتی سے 68سال گزرنے کے بعد بھی ہم قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہیں کر سکے ،ہمارے درمیان اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دشمن مسلسل ہمارے خلاف سازشیں کر رہا ہے جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے اور حکومت پوری قوم کے تعاون سے ان کا مقابلہ کر رہی ہے ،افواج پاکستان حکومت اور پوری قوم کے تعاون سے اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے ۔ڈاکٹر شاہ زیب نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے تہوار جوش و خروش کے ساتھ مناتی ہیں، 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے ،آج ملک جن مسائل کا شکار ہے ان پر قابو پانے کے لئے آج بھر 23 مارچ جیسے جذبے کی ضرورت ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عبد الحمید رحمانی نے کہا کہ یہ ملک قائم رہنے کے لئے بنا ہے تمام سازشیں ناکام ہوں گی ،مگر ہمیں بھی اپنی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے ،دعا کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے اپنے حصے کا کام بھی کرنا چاہئے ،تقریب کے آخر پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ،امن وامان اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی ۔