یوم پاکستان کےموقع پر کراچی میں گورنرسندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختراورتینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
یوم پاکستان کے موقع پر سینئر وزیر میر ہزار خان بجارانی اور صوبائی کابینہ کے اراکین بھی گورنر سندھ کے ہمراہ مزیر قائد پر تشریف لائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ یہ دن ہمیں قیام پاکستان کی قرارداد منظور ہونے والے دن کی یاد دلاتاہے اورہم عزم کرتے ہیں پاکستان سندھ اور کراچی کی تعمیر وترقی کیلیے مل کر کام کریں گے۔ میئرکراچی وسیم اختر نے ڈپٹی میئر کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی وسلامتی کیلئے ہم سب متحد ہیں۔ہم ہر میدان میں ایک ہونگے تو ملک آگے بڑھے گا۔ مزار قائد پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈئیر نادر شاہ نے بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔