77واں یوم پاکستان 23 مارچ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔
وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ صرف یہی نہیں اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل لڑاکا طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے، بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج بھی پریڈ کا حصہ ہو گی۔
یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی پاک فوج کی خصوصی پریڈ میں رواں برس پہلی بار دوست ملک چین کے فوجی دستے اور ترکی کے ملٹری بینڈز بھی شامل ہوں گے۔ چینی فوجی دستے اور ترکی ملٹری بینڈ کی شرکت کے باعث اس برس کی پریڈ خاص اہمیت کی حامل ہو گی۔ یومِ پاکستان کا آغاز مساجد میں شکرانے کے نوافل سے ہو گا، جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔