اسلام آباد: پاکستان نے فضائی حدود آج شام 4 بجے سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ سول ایوی ایشن نے پاکستان میں فضائی آپریشن معطل کرنے کا نوٹس واپس لے لیا ہے اور آج شام چار بجے سے فضائی حدود کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے غیر ملکی پروازوں کو بھی مراسلہ جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ سے نجی ایئر لائن کی پرواز دبئی کیلئے روانہ ہوگی جس کیلئے مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، یاد رہے کہ گزشتہ دو روز سے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ فضائی آپریشن کے لیے کھول دیے ہیں۔ یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد دو روز قبل سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے تھے اور گزشتہ روز اس میں آج دوپہر ایک بجے تک توسیع کی گئی تھی۔ اب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق چاروں ائیر پورٹس کمرشل پروازوں کے لیے شام 6 بجے سے آپریشنل ہوں گے۔ تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئر پورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنی پروازوں کا شیڈول شام 6 بجے سے بحال کرنے کردیا ہے اور مسافروں کو ٹیلی فون کر کے اس بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ سعودی ائیر لائن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی پاکستان کے لیے پہلی پرواز شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔