کوالالمپور: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 147 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کر دیا ندا ڈار نے 5 رنز دےکر 4 شکار کیے۔کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا، کپتان بسمہ معروف نے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے صرف 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز تراشی، نداڈار نے 41 اور جویریہ خان نے 31 رنز جوڑے۔ ملائیشیا کی جانب سے عینہ حمیزہ ہاشم، ساشا اعظمی اور زومیکا اعظمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں ندا ڈار کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پوری ملائیشین ٹیم صرف 30 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، کپتان ونفریڈ درائے سنگم 11 کے علاوہ کوئی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔ندا ڈار نے 4 وکٹیں محض 5رنز دے کر حاصل کیں، ثناءمیر، نشرہ سندھو اور جویریہ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ ندا ڈار شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ پاکستان ٹیم کا 9 جون کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔