راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق پاک فوج نے خیبرپختونخوا میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا ہے۔ زلزلے سے مالاکنڈ، دیر، چترال اور باجوڑ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 123 افراد جاں بحق اور نو سو چھپن زخمی ہوئے جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں چوہتر افراد جاں بحق ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو نقصانات اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ زلزلے سے متاثرہ ہر پسماندہ علاقے تک پہنچا جائے اور ہر خاندان و فرد کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
پاک فضائیہ نے اپنے سی ون تھرٹی طیارے اور ہیلی کاپٹرز کی خدمات این ڈی اے ایم کو پیش کر دی ہیں۔ جنھیں ضرورت کے مطابق کہیں بھی کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔