برسلز (زاہد مصطفی اعوان سے) سفارت خانہ پاکستان برسلز میں پاکستانیوں کے لیے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا شروع ہوگیا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز سفارت خانہ پاکستان برسلز میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد اور سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سسٹم کا افتتاح پاکستان بلجیم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی سربراہ زہرہ ودود فاطمی نے کیا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زہرہ فاطمی نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے بیرون ملک مقیم شہریوں کو بہترین سہولتیں دینے کی خواہشمند ہے، کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کا کردار ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اہم ہے۔
حکومت نے طے کیا تھا کہ جہاں پر بھی 10 ہزار کی پاکستانی کمیونٹی موجود ہوگی وہاں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کی جانب سے ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔