اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کابل میں پاکستانی سفارتخانے نے افغان شہریوں کو ویزوں کے اجرا میں درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اور وسیع البنیاد اقدامات اٹھائے ہیں۔ سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان میں افغان شہریوں کی نقل و حرکت میں آسانی کے لیے کابل میں پاکستان کے سفارت خانے اور اس کے قونصل خانوں نے پاکستان حکومت کی طرف سے 29 ستمبر 2020 کو جاری کردہ افغان شہریوں کے لئے نئی لبرل ویزا پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے۔ اس سلسلے میں سفارت خانے نے بڑی تعداد میں افغان درخواست دہندگان کو ویزا فراہمی کے لئے اقدامات کیے ہیں ان میں ویزا درخواست فارم جمع کرنے کے لئے ونڈوز کی تعداد 7 سے بڑھا کر 17 کردی گئی ہے.جس سے افغان شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ویزا درخواستوں داخل کرانے میں سہولت ملے گی۔ ایک سے پانچ سال کی مدت تک کی تمام کیٹگریزکے طویل المدتی ویزے ایشو کیے جاسکیں گے جس پر متعدد بار سفر کیا جاسکے گا۔ سفارتخانے اور تمام قونصل خانوں پر آن لائن ویزے کی سہولت بھی متعارف کرادی گئی ہے جس کیلئے سفارتخانے کی طرف سے دیےگئے ویب ایڈریس پر درخواست دی جاسکے گی۔ کابل میں سفارتخانے کے علاوہ دوسرے شہروں جلال آباد، قندھار اور مزار شریف میں قائم قونصل خانوں پر بھی تمام سہولیات مہیا کردی گئی ہیں۔علاج معالجہ، تعلیم اور تجارتی شعبوں اور خواتین درخواست دہندگان کیلئے علیحدہ جگہیں مخصوص کی گئی ہیں۔ افغان طلبا وطالبات کو ان کے متعلقہ تعلیمی پروگرام کے تحت پوری مدت کے ویزے مہیا کیے جارہے ہیں۔ سفارتخانے کی طرف سے موثر اور مستحکم اقدامات کی روشنی میں اکتوبر ، نومبر میں افغان شہریوں کو ڈیڑھ لاکھ ویزے ایشو کیے جاچکے ہیں جبکہ پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران 1200 آن لائن ویزے بھی جاری کیے گئے ہیں۔ سفارتخانے کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ ان اقدامات کے بعد سفارتخانہ اور قونصل خانے افغان شہریوں کو ویزوں کی فراہمی کے سلسلے میں بہترین خدمات کے قابل ہیں اور تجارتی ویزوں کے علاوہ باقی تمام ویزوں پر کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ سفارتخانے کی طرف سے افغان شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ کہیں بھی ویزا ایجنٹس متعین نہیں کیے گئے اس لیے افغان شہری ویزوں کے حصول کیلئے کسی بھی ایجنٹ یا مڈل مین کو فیس وغیرہ نہ دیں۔ مذکورہ سہولیات جلال آباد، قندھار، ہرات اور مزار شریف کے قونصل خانوں پر بھی مہیا کی جائینگی۔ جبکہ ہرات میں آن لائن ویزا کی سہولت میسر نہیں ۔پاکستان سفارتخانے نے افغان حکام کی طرف سے سہولیات مہیا کرنے پر انھیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
Pakistan Embassy in Kabul takes extensive and effective measures to facilitate visas for Afghan nationals @SMQureshiPTI
@ForeignOfficePk
@PakEmbKabul