پیرس( صاحبزادہ عتیق سے ) سفارتخانہ پاکستان پیرس میں ولادت با سعادت نبی مکرم ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اس تقریب میں ہیرس کے مقامی نعت خوانوں میاں ساجد گورسی ، حاجی رشید احمد اور دیگر نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس محفل میں سفارتخانہ کے سٹاف اور کمیونٹی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی ۔ سفیر پاکستان معین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کی زندگی اور تعلیمات پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی نوع انسان کیلئے قرآن اور اپنی زندگی کے عملی نمونے کے ذریعے جو پیغام دیا وہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ امن اعتدال پسندی اور پرامن بقائے باہمی کے بارے میں تھا.
سفیر پاکستان نے فرانس میں پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ خود کو ایک اچھا انسان اور بہتر مسلمان کے طور پر ایک رول ماڈل بنانے کے لئے نبی صلعم کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی کامیاب ہوگی۔
اس محفل کے اختتام پر پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔