واشنگٹن : سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات زیادہ ہیں، بھارت کی طرح سول جوہری تعاون پاکستان کا بھی حق ہے۔
واشنگٹن میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں اعزاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارا پاور جنریشن عالمی معیار پر پورا اترتا ہے، جسے عالمی توانائی ایجنسی کے تحت تحفظ بھی حاصل ہے، اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تسلی بخش انتظامات کیے ہیں۔
کوئی دہشت گرد ہمارے ایٹمی تنصیبات کے قریب آنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن اور امن کے لیے ضروری ہے، این پی ٹی ایک متعصبانہ معاہدہ ہے، ہم اس قسم کے کسی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔