پاکستان نے پہلے ابابیل میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق ابابیل میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ ایس ایس ایم ابابیل میزائل کی رینج 2200 کلومیٹر ہے،جو ایک سے زیادہ وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے،جبکہ مختلف ٹھکانوں کو تباہ کرسکتا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ابابیل میزائل ملٹی پل انڈیپنڈنٹ ری انٹری وہیکل (ایم آئی آر وی) ٹیکنالوجی کاحامل ہے جو نہ صرف کئی جوہری وارہیڈلے جانے کی بلکہ دشمن راڈار کو دھوکا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرباجوہ نے میزائل بنانے والی ٹیم اور پاک فوج کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی ابابیل میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم اور پاک فوج کو مبارک باد دی ہےاور پاک فوج کے انجینئرز کی سخت محنت کو سراہاہے۔