پیرس: 22 ستمبر2017ء: پاکستانی کھانوں کا منفرد سٹال جو کہ پاکستانی دستکاری کے نمونوں، ٹرک آرٹ اور پاکستانی مصالحوں سے انتہائی خوبصورتی اور مہارت سے سجایا گیا تھا جو فرانسیسی اور بین الاقوامی افراد کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ پاکستانی کھانوں کا یہ سٹال فرانس کے شہر پیرس کے مرکز میں منعقد کیلئے جانے والے دوسرے تین روزہ بین الاقوامی کھانوں کے میلے میں لگایا گیا تھا۔
سفیر پاکستان برائے فرانس معین الحق نے دوسرے ممالک کے سفیروں کے ساتھ میلے ک افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پیرس کے مرکز میں لگائے جانے والے فوڈ میلے میں پاکستان کے لذیز کھانوں کا سٹال سفارت خانہ کی طرف سے متعارف کروائی جانے والی عوامی سفارت کاری کا حصہ ہونے کے علاوہ اس کا تعلق پاکستان کی آزادی کے ستر سال مکمل ہونے والی تقریبات کے ساتھ بھی ہے۔ جس کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے پاکستانی فوڈ سٹال کا دورہ بھی کیا جہاں خاص طور پر پاکستانی کھانے آنے والے مہمانوں کو پیش کیئے جا رہے تھے۔ مختلف قومیتوں، بین الاقوامی سیاحوں اور فرانسیسی کھانوں کے شوقین لوگوں نے پاکستانی کھانوں کا خوب لطف اٹھایا جس کا اہتمام مشہور مقامی پاکستانی ذائقہ ریسٹورنٹ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس تین روزہ میلے کا اہتمام فرانس کی وزارت معیشت کی طرف سے پیرس میں دریائے سین کے کنارے کیا گیا تھا۔ جس میں پوری دنیا سے 40سے زیادہ ممالک نے شرکت کی۔