جرمنی (انجم بلوچستانی) برلن بیورو اور مرکزی آفس برلن MCB یورپ کے مطابق گزشتہ دنوںبرلن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارتخانے کی جانب سے مقبوضہ وادی جموں و کشمیر میں کشمیر یوں پر توڑے جانے والے ظلم و ستم اور قتل عام کے خلاف کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم سیاہ کا انعقاد کیا۔
جس میں جرمنی کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات، طلباء و طالبات و عام افراد نے شرکت کی۔
جنمیں ایشین جرمن رفاہی سوسائٹی AGRSجرمنی کی فنانس سکریٹری بیگم آر ایس چغتائی؛پاکستان پیپلز پارٹی جر منی کے رہنماسیدمجاہد حسین شاہ و منظورحسین اعوان ؛ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدرسیدآصف محمود شاہ؛ پاکستان عوامی تحریک جرمنی کے سینئر نائب صدر اور صدرمجلس شوریٰMQIبرلن خضرحیات تارڑ؛پاک محمد مسجد اور بعد میں MQIبرلن کے سابق صدر صدیق اکبر؛ جرمن پاکستان فورمDPF(برلن ریجن) کے سربراہ وزیر حسین ملک؛ جنرل سکریٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن محمد ارشاد شامل تھے۔
تقریب کا آغازسفیر پاکستان کے پی اے غلام فرید کی تلاوت کلام پاک اور انگریزی ترجمے سے ہوا۔نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسری سجاد ھیدر خان نے سر انجام دئے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے یوتھ ونگ کے چیف آرگنائزر جرمنی،محمد عنصر بٹ نے اپنے مخصوص انداز میںتقریر کرتے ہوئے انڈین افواج کو للکارا اور مقبوضہ کشمیر میں ان بہیمانہ مظالم کی مذمت کی۔
انہوں نے مقبوضہ وادی جموں و کشمیر سے جملہ انڈین افواج کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ”انڈین افواج کشمیریوں کو غلام بنا کر نہیں رکھ سکتیں،انہیںجلد یا بدیرکشمیر سے جانا ہوگا۔” انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام مندرجہ ذیل غزل سے کیا: خدا کرے کہ مری ارض پاک پر اترے ٭وہ فصل گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو۔
مقبوضہ کشمیر کے کشمیری ایکٹیوسٹ راجہ ایم انور نے مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کا مختصر جائزہ لیتے ہوئے انڈین افواج کی حالیہ ،ظالمانہ اور غیر انسانی کاروائیوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کشمیریوں کے قتل عام پر سخت احتجاج کرتے ہوئے قابض انڈین افواج کی شدید مذمت کی اور جرمنی میں کشمیر کاز کیلئے سرگرم عمل تنظیمات کو اتحاد و اتفاق کی تلقین کرتے ہوئے مل جل کر کام کرنے کا مشورہ دیا۔
فری کشمیر آرگنائزیشن برلنFKOجرمنی کے صدر محمد صدیق کیانی نے کشمیر پر قابض افواج کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کی حمائت کی اور تحریک آزادیء کشمیر کی جدوجہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےFKO کی جانب سے کشمیریوں کو ہر قسم کے تعاون ومدد کا یقین دلایا۔
نامور ایشین یورپین صحافی و شاعر،عالمی چیرمین کشمیر فورم انٹرنیشنلKFIامریکہ، یورپ، ایشیا،چیف کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریکPAT یورپ و چیر مین ایشین جرمن رفاہی سو سائٹیADWGجرمنی،،محمد شکیل چغتائی نے وادی جموں و کشمیر پر قابض انڈین افواج کی پرتشدد اور بہیمانہ کاروائیوں،معصوم و نہتے کشمیریوں کے قتل عام،حزب المجاہدین کے نوجوان رہنمابرہان وانی شہید و دیگر شہداء کی المناک شہادتوں پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ”کشمیریوں کا قتل عام بر صغیر کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت و سیکولرزم کی دعویدار انڈین ھکومت کے چہرہ پر ایک بدنما داغ ہے۔
شہید برہان وانی و دیگر مقتولین نے اپنی جان قربان کر کے تحریک آزادیء کشمیر میںنئی روح پھونک دی ہے،جسے طاقت سے روکنا ممکن نہیں ۔انڈین افواج کے جلد یا بدیر کشمیر چھوڑنے میں ہی انکی بھلائی ہے۔”
سفیرپاکستان برائے جرمنی جوہر سلیم نے اپنے خطاب میںمقبوضہ کشمیر پر قابض انڈین افواج کے سفاکانہ قتل عام، کشمیری مسلمانوں کی کثیر شہادت،کرفیو کے نفاذ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سب کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ”مقبوضہ کشمیر کو بھارتی افواج کے غیر قانونی، غیر اخلاقی وسفاکانہ طاقت کے استعمال سے غیر معینہ مدت تک غیر انسانی تسلط میں نہیں رکھا جا سکتا۔
کشمیریوں کے حق خود ارادیت وکشمیر کی آزادی کیلئے عالمی برادری کواقوام متحدہ کی ٦٨ سال قبل منظور شدہ قراردادوں کے عین مطابق دبائو ڈالنا چاہئے۔پاکستان ان قراردادوں کی روشنی میںمقبوضہ وادی جموں و کشمیر میںایک منصفانہ اور پر امن حل کے لئے کوشاں ہے۔”
سفیر پاکستان جوہر سلیم نے عالمی طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ”مقبوضہ کشمیر میں انڈین افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے باوجودعالمی طاقتیں اپنے اقتصادی اور تجارتی مفادات کے مد نظر چشم پوشی کر رہی ہیں،جوانتہائی تشویش و فکرکا باعث ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں موجودہ افسوسناک حالات کے پیش نظر عالمی طاقتوں کواس دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کی خاطردبائو ڈالنا چاہئے۔ پاکستان عالمی طاقتوں، یورپی یونین اور جرمن حکومت سے خصوصی رابطوں کے ذریعہ انہیں اپنی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کی درخواست کرتا ہے۔ تاکہ اس خطہ میں امن وامان اور سکون و اطمینان کا دور دورہ ہو سکے۔”
تقریب کے دوران سفیر پاکستان جوہر سلیم کی استدعا پر مقبوضہ کشمیر میں انڈین آرمڈ فورسز کے نہتے اور معصوم کشمیریوں کے بہیمانہ و سفاکانہ قتل عام پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اس بارے میں ڈاکومینٹری فلموں کی نمائش کی گئی۔
تقریب کی میڈیا کوریج کے لئے جیو ٹی وی کے نمائندے عرفان آفتاب، ڈچے ویلے (صدائے جرمنی) و دیگر پروگراموں کا نمائندہ، کلیم چیمہ، پاکبان ٹی وی انٹرنیشنل کے سر براہ ظہور احمد اور ایشین پیپلز نیوز ایجنسی APNA انٹرنیشنل کے ایڈیٹر انچیف انجم بلوچستانی موجود تھے۔
تقریب کے خاتمہ پر سفیر پاکستان نے جملہ شرکاء کے جذبہ حب الوطنی اور کشمیریوں کے لئے یکجہجہتی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔جس کے بعد حسب دستور سفارتخانہء پاکستان کی جانب سے مرغ پلائو، رائتہ ، کھیر اور گرم و ٹھنڈے مشروبات کااہتمام کیا گیا۔اس طرح یہ باوقار اور کامیاب تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔