میانوالی (نیوز ڈیسک ) پاکستان نے پہلی مرتبہ جاسوس طیاروں کی موجودگی کا پتہ چلانے والا جدید ترین ریڈار حاصل کر لیا، امریکا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب پاکستان کے پاس دنیا کا سب سے جدید جے وائی 27 اے ریڈار سسٹم موجود ہے جسے میانوالی کی
ائیربیس پر نصب کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی دفاعی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے اب دنیا کا جدید ترین ریڈار سسٹم حاصل کر لیا ہے جس کے بعد دنیا کا کوئی بھی جاسوس جنگی طیارہ اب پاکستانی حدود میں داخل نہیں ہو سکے گا۔بتایا گیا ہے کہ جے وائی 27 اے ریڈار سسٹم دنیا کا سب سے جدید ریڈار سسٹم تصور کیا جاتا ہے جو فوری طور پر جاسوس طیاروں کی موجودگی کا پتہ چلا لیتا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جے وائی 27 اے ریڈار سسٹم چین کی جانب سے تیار کیا گیا اور پھر پاکستان کو فراہم کیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ جے وائی 27 اے ریڈار سسٹم 500 کلومیٹر کے فاصلے سے بھی ایف 22 اور اس جیسے دیگر جاسوس طیاروں کی موجودگی کا پتہ چلا لیتا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے ایسے ریڈار سسٹم کے حصول کی کوشش کر رہا تھا۔ تاہم تاحال جے وائی 27 اے ریڈار سسٹم حاصل کرنے کے حوالے سے کوئی آفیشل تصدیق نہیں کی گئی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس جدید ریڈار سسٹم کے حصول سے پاکستان نے اپنے فضائی دفاع کو مزید مضبوط کر لیا ہے۔