اسلام آباد(ایس ایم حسنین) لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانسچٹر میں واقع قونصلیٹ میں بالمشافہ قونصلر سروسز معطل کردی گئی ہیں۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق مقامی حکومت کی طرف سے نئے پبلک ہیلتھ وسیفٹی ریگولیشنز کے اجرا کے بعد پاکستان ہائی کمیشن اور اس کے متعلقہ قونصلیٹ میں آج بدھ 6 جنوری 2021 سے بالمشافہ قونصلر سروسز معطل کردی گئی ہیں۔ ان کا اطلاق تاحکم ثانی ہوتا رہیگا۔ اس ضمن میں ہائی کمیشن نے ہدایت جاری کی ہیں کہ عوام الناس ویزہ، پاسپورٹ اور نادرا کی سروسز آن لائن طریقہ کار کے مطابق حاصل کرسکتے ہیں۔ اس دوران ہائی کمیشن کا رابطہ نمبر دفتری اوقات کار کے مطابق کھلا رہیگا۔ جس دوران برطانیہ میں پاکستانی کسی بھی ایمرجنسی بشمول میتوں وغیرہ کی ٹرانسپورٹیشن کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں۔ہائی کمیشن نے کمیونٹی کو مزید معلومات کیلئے ویب سائٹ کے ذریعے معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا ہے۔ جس سے مستقبل میں قونصلر خدمات کی بحالی کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔