سماجی ترقی میں پاکستان گزشتہ سال بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال سے بھی پیچھے رہ گیا، غریب اور چھوٹے سے ملک نیپال میں جمہوریت کی راہ پر گامزن ہونے کی وجہ سے سال 2016 میں بڑے ممالک کی نسبت سماجی ترقی میں بہت بہتری دیکھی گئی۔
سوشل پروگریس انڈیکس سال 2016 میں بنیادی انسانی ضروریات اور مواقعوں کے لحاظ سے ایک سو تینتیس ممالک کی فہرست جاری کی گئی۔
مجموعی طور پر سماجی ترقی میں پاکستان ایک سو تیرہویں، سری لنکا تیراسی، نیپال پچانویں، بھارت اٹھانوے، بنگلہ دیش ایک سو ایک نمبر پر ہے۔
گزشتہ برس بنیادی انسانی ضروریات کے لحاظ سے پاکستان نسبتاً بہتر پوزیشن میں نظر آرہا ہے، غذائیت، صحت کی سہولیات، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور شخصی تحفظ کی فہرست میں پاکستان کا نمبر ایک سو ایک واں ہے، یہاں بھی سری لنکا، نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش پاکستان سے بہتر صورتحال پرموجود ہیں۔
فاؤنڈیشن آف ویل بینگ یعنی بنیادی معلومات، مواصلات تک رسائی اور ماحولیاتی صورتحال میں پاکستان کا نمبر ایک سو انیسواں رہا جبکہ ایک بار پھر سری لنکا، نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے مقابلے میں بہتری دیکھی گئی۔
شخصی آزادی، بنیادی حقوق، برداشت، رواداری اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے شعبوں میں گزشتہ برس پاکستان میں سب سے کم ترقی دیکھی گئی، یہاں پاکستان ایک سو تیئس ویں نمبر پر ہے۔