ایڈیلیڈ (جیوڈیسک) ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے گروپ بی کے آخری میچ میں پاکستان نے آٹھ سال پہلے ملنے والی شکست کا داغ دھو ڈالا۔ گرین شرٹس نے پرانی حریف ٹیم کا مطلوبہ ہدف 46 اعشاریہ ایک اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے اوپننگ میں شاندار بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے۔
دونوں نے 120 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں پہلی وکٹ پر بہترین شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد ون ڈے کیریئر کی 12 ویں نصف سنچری بنا کر 63 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حارث سہیل تین رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔
کپتان مصباح الحق نے سرفراز احمد کا بھرپور ساتھ دیا تاہم وہ بھی 39 رنز پر ہٹ وکٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد سرفراز احمد مرد میدان بنے اور کیریئر کے ساتھ عالمی کپ کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔ وہ 2007ء کے بعد ورلڈ کپ میں سنچری بنانیوالے پہلے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔
سرفراز احمد نے 124 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے آئرش ٹیم 237 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آئرش ٹیم کے کپتان ویلم پورٹر فیلڈ کی سنچری بھی کام نہ آئی۔ آئرش کپتان 107 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ،گیری ولسن نے ٹوٹل میں 29 رنز کا اضافہ کیا۔ میچ میں عمر اکمل نے بطور فیلڈر چار کیچز پکڑے۔
وہ ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے پہلے فیلڈر بنے۔ قومی ٹیم کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، سہیل خان اور راحت علی نے دو، دو جبکہ احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے سرفراز احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔