لاہور: ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے دورئہ پاکستان کو منفرد تجربہ قرار دیدیا۔
اپنے پیغام میں ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے کہاکہ مہمان کرکٹرز آئندہ ماہ لاہور میں سیریز کیلیے ممکنہ سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہیں،وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات میں انھیں حصہ ڈالنے کا موقع مل رہا ہے، انھوں نے کہا کہ میں خود بھی 90 کی دہائی میں 3ٹورز کے دوران پاکستان کی شاندار میزبانی کا لطف اٹھا چکا ہوں،عمدہ کرکٹ کھیل کر پُرجوش شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرینگے۔
دوسری جانب کپتان فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ کرکٹ برادری کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن اسکواڈ کی قیادت میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میری نظریں اپنے پہلے دورئہ پاکستان پر ہیں، امید ہے کہ ہمارا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا، انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کیخلاف چند بہترین میچز کھیلنے کا موقع ملا لیکن میزبان ملک کے پُرجوش شائقین کے سامنے کھیلنا ایک انوکھا تجربہ ہو گا۔ ڈوپلیسی نے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کے تمام اراکین کو سیکیورٹی ماہرین کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ اس سیریز میں حصہ لینے والے تمام افراد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ادھر ہاشم آملہ نے کہاکہ میں دورئہ پاکستان کیلیے بے تاب ہوں، میں کندھے کی انجری سے تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہا اور پُرامید ہوں کہ مکمل فٹ ہوکر سیریز کا حصہ بنوں گا۔