نارووال(نمائندہ خصوصی ) امیر ملت رحمۃ اللہ علیہ کے فیضان سے پاکستان کا قیام ہوا۔ تحریک پاکستان سے لے کر تحریک ختم نبوت تک پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانانِ پاک و ہند کی راہنمائی فرمائی ۔تحریک پاکستان میں جب سب نے حضرت قائد اعظم کے حوالے سے کفر کے فتویٰ صادر کیا تو حضرت قبلہ عالم امیر ملت محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ تم اس کو کافر کہتے ہو میں اس کو اللہ تعالیٰ کا ولی کہتا ہوں اور تحریک پاکستان میں حضرت امیر ملت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ مطالبہ پاکستان سے دستبرداربھی ہوں جائیں تو بھی ہم پاکستان بنائیں گے۔پاکستان میں قیام امن ہی سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ قیام پاکستان فیضان اولیاء کا ثمر ہے ۔ آج ملک و ملت میں مخالفین پاکستان ہی رخنہ ڈال رہے ہیں ۔دہشت گردی اور قتل و غارت کے پیچھے قادیانیت اور ملک دشمن عناصر کارفرما ہیں ۔حکومت محب وطن علماء و مشائخ کے ساتھ مل کر قیام امن ، فروغِ رواداری اور نفاذِ نظام مصطفےٰ ﷺ کیلئے حکمت عملی وضع کرے ۔ ان خیالات کا اظہار مہر الملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف نے دربار عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف پر منعقدہ ماہانہ محفل میلاد مصطفےٰ ﷺ و مرکزی انجمن شہریاں کے زیر اہتمام جشن آزادی کے موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا کہ جشن آزادی کا منانا یقیناًجذبۂ حب الوطنی کی علامت ہے ۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام ہمیں جان سے عزیز ہے ۔ حکومت نے پاکستان کو ترقی یافتہ اور پر امن بنانے کیلئے جتنی کاوشیں کی ہیں قابل تحسین ہیں۔پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے ۔ پاکستان سے محبت عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔ آج آپس کے لڑائی جھگڑے یا سیاسی شور لگانے کی ضرورت نہیں ۔ آج پوری قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی پارٹیاں ایک سوچ کی حامل ہو جائیں وہ سوچ صرف اور صرف پاکستان ہو ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی انجمن شہریاں رجسٹرڈ ضلع نارووال کے صدر مزمل حفیظ بابر، جنرل سیکرٹر عبد الحق انصاری، علامہ محمد ریاض الدین صدیقی آف گوجرانوالہ، عابد محمود بٹ صدر حافظ عبد الرحمن ٹرسٹ ، چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ صدر تحریک اویسیہ پاکستان ضلع نارووال اور قاری محمد ارشد اویسی نے کہا کہ حقیقی جشن آزادی اُس وقت ہی منائی جا ئے گی جب پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر ترقی و استحکام کی منزل پر فائز ہو گا اس کے لئے تمام سیاستدانوں کو ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔بھارتی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے ۔پاکستان میں بم دھماکوں ،صوبائی تعصبات اور فرقہ وارانہ فسادات میں تو بھارت کا ہاتھ ہے۔پاکستانی قوم اپنے وطن و پاک سر زمین کی حفاظت کے لئے پُر عزم اور ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔اس موقعہ پر صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی، محمد محسن اویسی، علی رضا بٹ ، محمد رضوان انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقعہ پر سبز حلالی پرچم بھی لہریا گیا اور ملک و ملت میں قیام امن اور استحکام پاکستان کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے تدارک کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔