آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کے محتاط رویے کے باوجود ’برطانیہ اور ناروے‘مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
امریکہ ،برطانیہ اور ناروے کے دورے سے واپسی پر دارالحکومت مظفرآباد میں پر یس کانفرنس سے خطاب میں مسعو د خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کی حمایت حاصل کرنے کے لئے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کو نئی پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
آزاد کشمیر کے صدر نے بتایا کہ دورہ امریکہ اور برطانیہ کے دوران بہت سے حکومتی اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور ان سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں بات چیت کی جس پر مثبت رد عمل ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں اور بھارت کے درمیان معاشی معاہدے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے والے محب وطن مکینوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر موثر حکمت عمل وضع کی جا رہی ہے۔