counter easy hit

پاکستان سے ہار: ملنگا نے قیادت چھوڑنے کا عندیہ دیدیا

Malinga

Malinga

کولمبو : پاکستان سے ہوم سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 میں شکست پر سری لنکن فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا نے ٹوئنٹی 20 ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دے دیا، انھوں نے گرین شرٹس سے ملنے والی ناکامی پر خود کو ذمے دار گردانتے ہوئے کپتانی سے الگ ہونے کااشارہ دیا ہے۔

پاکستان نے جمعرات کو منعقدہ پہلے ٹی 20 میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سری لنکا کو باآسانی 29رنز سے ہرادیا تھا، قومی ٹیم کو دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری مل گئی ہے، پاکستان سے شکست کے بعد ملنگا نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس ناکامی کی ذمے داری لیتا ہوں اور کپتان ہونے کے باوجود موجودہ کارکردگی کی وجہ سے اس وقت میری ٹیم میں جگہ خطرات سے دوچار ہے۔

واضح رہے کہ میچ میں ملنگا سری لنکا کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انھیں کوٹے کے 4 اوورز میں 46 رنز کی مار پڑی تھی جبکہ وہ صرف ایک وکٹ اپنے نام کرپائے تھے، انھوں نے اپنی ناقص فارم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں زیادہ اچھی بولنگ نہیں کر سکا، ٹی ٹوئنٹی میں ایک تجربہ کار بولر ہونے کے باوجود میں ٹیم کیلیے کچھ نہ کر سکا، دیگر تمام نوجوان باؤلر ہیں اور سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

اگر ہمیں میچز جیتنے ہیں تو مجھے بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی، انھوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں مجھ سے بہتر بولر شامل ہوسکتا ہے، میں یہ معاملہ سلیکٹرز کو سونپتا ہوں، وہ مجھے کسی بھی وقت ٹیم سے نکال سکتے ہیں، اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کون ہیں لیکن کسی کو بھی اس بات کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی کہ آپ کتنے عرصے تک سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال انجری کے بعد ملنگا کی بولنگ رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ان کی بولنگ میں پہلے جیسی کاٹ بھی برقرار نہیں رہی، اسی وجہ سے انھیں ون ڈے سیریز میں بھی واجبی کارکردگی پر پانچویں اور آخری مقابلے میں ڈراپ کردیا گیا تھا اور اب ٹوئنٹی 20 میں بھی ملنگا کوئی خاص پرفارمنس نہیں دے پائے، ٹی ٹوئنٹی کے اختتامی اوورز میں یارکر ملنگا کا سب سے کامیاب اور خطرناک ہتھیار رہا ہے لیکن اب ان کی یارکر دیکھنے میں نہیں آرہی۔