کراچی : وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم میں اتحادو اتفاق پیداکرنا میرا مشن ہے اور اقلیتی برادری کو ان کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کراتا ہوں۔
کراچی میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
ہمیں ایک دوسرے میں خوشیاں بانٹنی چاہییں، پاکستان میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کراتاہوں، دنیاکاکوئی مذہب مظلوم پر ظلم کی اجازت نہیں دیتا اور ہر مذہب مظلوم کا ساتھ دینے کاسبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سب کاوزیراعظم ہوں اور آپ سب میرے ہیں، ایک دوسرے میں خوشیاں بانٹنے سے اللہ بھی راضی ہوگا اور ہم بھی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے حیدرآباد میں بھگت کنور رام میڈیکل کمپلیکس تعمیر کرنے کے علاوہ بابا گورونانک کے گردوارے کی تزئین و آرائش کا ابھی اعلان کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نےایک روز کے مختصر دورے پر کراچی پہنچنے پرپاک بحریہ کی جنگی مشق سی اسپارک 2015 کا جائزہ لیا اورمسلح افواج سے رابطوں اور مشترکہ آپریشنل کی صلاحیتوں کا مشاہدہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنی دیگر مصروفیات کے بعد گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں شہر کی امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ رینجرز حکام وزیراعظم کو کراچی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ واضح رہے وزیراعظم نوازشریف 3 ماہ بعد کراچی کا دورہ کررہے ہیں۔