اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نَصر نے افریقی ممالک جبوتی اور سوڈان کے خیر سگالی دورے کے دوران دوست ممالک کیلئے پچاس پچاس ٹن راشن کا تحفہ پہنچایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں ممالک میں آمد کے موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاکستانی عوام کی جانب سے دونوں دوست ممالک کے عوام کے لیے پچاس پچاس ٹَن راشن کا تحفہ مقامی حکام کے سپرد کیا۔ مشن کمانڈر نے میزبان ممالک میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے حکومت اور امیرالبحر کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے سوڈانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جہاز کے اس دورے سے باہمی اشتراک کی نئی راہیں استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔
سوڈان میں پاکستانی سفیر سرفراز سپرا کے ہمراہ پاکستانی وفد نے سوڈان کے جنرل مینجر پورٹ اتھارٹی ، کیپٹن اونور محمد سے ملاقات کی۔ پاکستانی سفیر سرفراز سپرا نے انھیں پاکستانی بندرگاہوں اور سمندری صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ جنرل مینجر نے کہا کہ وہ پاکستان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں۔ جی ایم نے پاکستانی تکنیکی ماہرین اور انجینئرز کے ذریعے پورٹ سوڈان کی خدمات اور مرمت اور بحالی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے تربیت میں مدد کی خواہش کااظہار کیا. اس موقع پر سی.ڈی.آر.ای شفقت حسین کے زیرقیادت بحریہ کے وفد نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا . سفیرپاکستان سرفراز سیپرا نے پورٹ سوڈان پہنچنے پر پاکستان نیوی کے جہاز نصر کی مہمان نوازی اور تعاون کرنے پر حکام کاشکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا سفیر پاکستان سرفراز سیپرا نے بحیرہ احمر کے سیکٹر کمانڈر میجر جنرل ابراہیم الجیلی سے ملاقات کی اور دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستانی ماہرین کی پیش کش کی۔ جنرل الجیلی نے 2017 میں اپنے پاکستان کے دورے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے مزید گہرے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان نے سوڈانی ضروریات کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کشمیریوں کی حالت زار اور سیکیورٹی کی خطرناک صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا. کشمیر اور ایل او سی پر بھارتی کارروائیوں پر جنرل الجیلی نے گہرے دکھ اور تشویش سے کااظہار کیا ۔ سفیر پاکستان نے پورٹ سوڈان میں پاک وفد کی غیر معمولی گرم جوشی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا. دریں اثنا سفیر پاکستان سرفراز سپرا نے بحیرہ احمر کی ریاست سوڈان کے گورنر شانگورائی سے ملاقات کی۔اس موقع پر دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان سرفراز سپرا نے انھیں بھارتی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی عوام کی المناک صورتحال سے آگاہ کیا .جہاں ہندوستانی فورسز نے 17 ماہ کے طویل عرصے سے وحشیانہ لاک ڈاؤن کررکھا ہے،بذات خود انسانی حقوق کے کارکن ہونے کے ناطے ، گورنر شنگورائی نے کشمیریوں کی حالت زار اور ہندوستانی بنیادپرستی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مسئلہ کشمیر پر وفاقی حمایت حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔گورنر شینگورائی نے پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی پرشکریہ ادا کیا۔انھوں نے ریاست سوڈان کے لئے بجلی ، صاف پانی اور انسانی ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان کی امداد کی خواہش کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان نے انھیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور گورنر ہاؤس کی جانب سے پاکستانی وفد اور پاک نیوی کے پی.این.ایس.نصر کیلئے غیرمعمولی گرمجوشی اور استقبال پر شکریہ ادا کیا