فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے فرانسیسی سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروبار کی ترغیب دینے کیلئے فرانس کے علاقے نارمنڈی کا تین روزہ دورہ کیا۔
17سے 19 مئی کو کیئے جانے والے دوروں کے دوران فرانس کے تین بڑے شہروں کین، ارومانچس اور کوندے نارمنڈی کے میئروں نے سفیر پاکستان کے اعزاز میں شاندار عشائیے بھی دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب سفیر نے سینیٹر جناب پاسکل آلیزاڈ جوکہ فرانسیسی سینٹ میں پاکستان فرانس دوستی کے صدراور نارمنڈی کے میئر ہیں کو ان کے دورے کیلئے شاندار انتظامات کرنے پر اعلی الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا ان کا یہ دورہ سفارت خانہ پاکستان کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو کہ وہ فرانس کے مختلف شہروں اور علاقوں میں فرانسیسی تاجروں، کاروباری افراد اورسرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر انہیں پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے وسیع تر مواقع کے بارے میں آگاہ کرنا اور انہیں پاکستان کے ساتھ کاروبار کی ترغیب دینا شامل ہے۔
سفیر پاکستان نے فرانس کی مشہور ڈیری کمپنی ایزگنی سینٹ میری کا بھی دورہ کیا جو کہ مکھن اور پنیر بنانے میں مہارت رکھتی ہے۔ اس موقع پر کمپنی کے ڈائریکٹر ایکسپورٹ جناب کیمل مینسلی نے سفیر پاکستان کو فیکٹری کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور اس میں پیدا کی جانے والے مصنوعات کے معیار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر پاکستان نے بعد میں بائیواینالیسیز لیبارٹری ’اے ڈی جینی‘ کا بھی دورہ کیا جوکہ مالیکیولر نباتیات اور مائیکرو نباتیات کے ذریعے زرعی شعبے کی پیداوار بڑھانے میں مہارت رکھتی ہے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور پاکستان اپنی زرعی پیداوار کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر اسطوار کرنے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ زرعی اجناس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت اور قیمت میں بھی اضافہ کر سکے۔
سفیر پاکستان نے کارمیلس لی رائل میں پی ایس اے فیکٹری کا بھی دورہ کیا جو کہ اعلی ترین کاریں بنانے والی کمپنیوں کیلئے گیئر اور ٹرانسمیشن سسٹم بنانے میں مہارت رکھتی ہیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے جو کہ فرانسیسی کاریں بنانے والی کمپنیوں کیلئے انتہائی بہتر کاروباری ماحول اور مواقع فراہم کرتی ہے۔
نارمنڈی فرانس کا ایک اہم تاریخی اورکثیرالجہتی ریجن ہے جوکہ فوڈ پروسیسنگ، کاروں اور برقی آلات کی پیداوار میں مہارت رکھتا ہے