واشنگٹن: دنیا بھر میں سرمائے کے غیر قانونی لین دین کی نگرانی کرنیوالے سوئٹزرلینڈ کے ایک ادارے نے کہا ہے پاکستان ان 50 ملکوں میں شامل ہے۔
دہشتگردی کے لیے سرمایہ کاری اور منی لانڈرنگ کے خطرات سب سے زیادہ ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق باسل انسٹیٹیوٹ آف گورننس نے اپنی2017کی رپورٹ میں دنیا کے 146 ملکوں میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی میں غیر قانونی فنڈز کے استعمال کے خطرے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں افغانستان، نیپال اور سری لنکا تین ایسے ملک ہیں جہاں سرمائے کی غیر قانونی ترسیل اور دہشت گردی کے لیے اس کے استعمال کا خطرہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے ۔ رپورٹ میں پاکستان کو اس فہرست میں 46 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ بھارت اس سکیل میں 88 ویں نمبر پر ہے۔
دنیا کے دس ممالک اس پیمانے میں سب سے اوپر ہیں جو بالترتیب ایران، افغانستان، گنی بساؤ، تاجکستان، لاؤس، موزمبیق، مالی، یوگنڈا، کمبوڈیا اور تنزانیہ ہیں جبکہ سب سے نچلے درجے پر فن لینڈ، لیتھوانیا اور ایسٹونیا ہیں۔ایران 8.60 کے سکور کیساتھ سر فہرست ہے جبکہ فن لینڈ 3.04 پوائنٹس کے ساتھ سب سے نیچے ہے۔