واشنگٹن : وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہو چکا، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے ، آج کا کراچی ، بلوچستان ، فاٹا ڈھائی سال پہلے والا نہیں رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا ، بلوچستان میں جنگ کی کیفیت تھی ، آپریشن ضرب عضب کے بعد وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا عدالتی کمیشن نے فیصلہ دیا کہ 2013 کے انتخابات شفاف تھے ، ریاستی اداروں کو نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، بھارت سے تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا مخاطب ہو کر کہا کہ وہ جانتے ہیں ، ان کا دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کے تحفظ کا پختہ عزم کر رکھا ہے ، ہم اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبے چلتے رہے تو اگلی نسل پوچھے کی لوڈ شیڈنگ کسے کہتے ہیں ، چاہتے تو بچت کا پیسہ اپنی جیب میں ڈال سکتے تھے ،بچت سے مزید منصوبے لگائیں گے۔ لاہور کراچی موٹروے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ، گلگت سے مانسہرہ تک شاہراہ پر کام جاری ہے ، عالمی اداروں کے مطابق پاکستان کی معیشت بحال ہو رہی ہے۔