کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئی ہیں۔
سندھ سے سینیٹرعبدالطیف انصاری کے استعفے کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلز پارٹی کی شیری رحمان کے علاوہ کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ صوبائی الیکشن کمیشن نے شیری رحمان کا فارم درست قرار دے دیا جس کے بعد وہ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں سندھ سمیت ملک کے تمام پسماندہ لوگوں کا مقدمہ لڑیں گی اور اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ کمزور طبقوں کی بات کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات آر اوز کے الیکشن تھے، دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر کامیاب ہوں گے۔