نوشہرہ : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو 68 سالہ تاریخ میں قائداعظم کے بعد کوئی بھی مخلص اور ایماندار رہنما نہ ملا، چوروں لٹیروں اور ڈاکووٴں نے ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کرکے ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے۔
کرپٹ مافیا نے چترال سے کراچی تک پورے ملک اور ملک کی پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیاں بلیک منی کے ذریعے یرغمال بنارکھی ہیں۔ نوشہرہ کینٹ مانکی چوک میں جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف جتنی محبت پنجاب سے کرتے ہیں اتنی محبت وہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے بھی کریں۔
اگر ان کی پنجابیت کی ریت برقرار رہی تو خدانخواستہ کہیں دوسرا مشرقی پاکستان نہ بن جائے۔ انہوں نے کہاکہ عجیب بات ہے کہ جنوبی پنجاب میں سرائیکی بھی مایوس ہیں، ملک کے وسائل پر مخصوص طبقے کا قبضہ ہے۔
غریب غریب تر اور امیر امیرتر ہورہاہے، یہ کیسی پالیسی ہے؟ سراج الحق نے کہا کہ عوام 30مئی کے بلدیاتی انتخابات میں سانپوں کو دودھ پلاپلاکر ان کو اژدھا نہ بنائیں، بلکہ ان سانپوں کے منہ میں ہاتھ ڈالیں اور ان کے منہ سے اپنا حق چھینیں، 30مئی کے بلدیاتی انتخابات جھوٹے مکار اور دھوکہ باز سیاست دانوں کے کفن اور دفن کا دن ہوگا اور 30مئی کا سورج اسلامی اور خوشحال پاکستان کا نوید لے کر طلوع ہوگا۔