نیویارک: پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کی توثیق کردی ہے اور توثیق کرنے والے ممالک میں پاکستان کا 104 نمبر ہے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹرز میں ہونے والی تقریب میں پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کی توثیق کردی ہے، پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے صدر پاکستان کی جانب سے دستخط شدہ توثیق نامہ جمع کرایا۔ پیرس معاہدے کی توثیق کرنے والوں میں پاکستان کا نمبر 104 ہے جو رواں ماہ نافذالعمل ہوا۔
اقوام متحدہ کے شعبہ آب وہوا کے سربراہ کے پیٹریسیا پی نو سا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس 200 ممالک نے آب و ہوا کی تبدیلی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کردئے تھے اور وہ عالمی درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے پر رضامند تھے جبکہ درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اور جلد ہی تمام ممالک پیرس معاہدے کی توثیق بھی کردیں گے۔ پاکستان نے رواں برس اپریل میں معاہدے کے پہلے روز ہی دستخط کردیئے تھے تاہم اب پاکستان کی جانب سےتوثیق بھی کردی گئی ہے۔