اسلام آباد: پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت منعقد ہونے والے 3 روزہ انسداد دہشت گردی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کہتے ہیں پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ایس سی او کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اپنے تجربات کا اس فورم کے ذریعے تبادلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی انسداد دہشتگردی سے متعلق قانونی ماہرین کا 3 روزہ اجلاس 23 سے 25 مئی کو ہو گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی باضابطہ رکنیت کے بعد پاکستان میں منعقدہ ہونے والا یہ پہلا اجلاس ہو گا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وفود کو اس اجلاس میں شرکت کیلئے خوش آمدید کہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے غور کیا جائے گا۔ انسداد دہشت کے حوالے سے رکن ممالک میں تعاون اور رابطے بڑھانے پر بھی غور ہوگا، ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ علاقائی تعاون انسداد دہشتگردی، منشیات اسمگلنگ اور منظم جرائم کیخلاف ایس سی او کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اپنے تجربات کا اس فورم کے ذریعے تبادلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔