اسلام آباد(یس بزنس ڈیسک)پاکستان کے متعلق عالمی میڈیا میں عموماً ایسی خبریں آتی ہیں جن میں ملکی معیشت کو غیریقینی کا شکار قرار دیا جاتا ہے تاہم معروف امریکی بزنس میگزین فوربس نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں پاکستانی معیشت کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھارت اور چین کے اسٹاک ایکسچینج کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فوربس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی مالیت میں گزشتہ پانچ سال میں چار سو فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس عرصے میں چین میں سولہ اور بھارت میں تینتیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اصلاحات اور معیشت کے استحکام سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔